مجموعۂ کلام ←غزل

زباں سنبھال کے کیجے گا بات عورت پر

فیضان تسلیم فیضی

زباں سنبھال کے کیجے گا بات عورت پر

بنے ہو شیر لگاتے ہو گھات عورت پر

عجیب دور ہے ثابت شدہ کمینے بھی

مگن ہیں جھاڑنے میں وعظیات عورت پر

یہ ایک ذات ہے ماں بھی بہن بھی بیوی بھی

کبھی تو کیجیے تھوڑی نجات عورت پر

پرت نفاقِ زمانہ کی فوراً اترے گی

لکھو نکات ذرا پانچ سات عورت پر

کبھی یہ عافیہ ، ارفع ہے لیلیٰ خالد ہے

لکھے ہیں تیغ نے بھی واقعات عورت پر

وہ جس کے دم سے چلے سلسلۂ نوعِ بشر

وائے نصیب سنے تحمتات عورت پر

ستم شعار زمانہ بڑا بہادر ہے

کئے ہیں ظلم کے سب تجربات عورت پر

خیال ختم نہ ہو پائے ہو گئے لیکن

ہزار لکھتے ہوئے کاغذات عورت پر

تمام بحث کا حاصل یہی لکھا فیضیؔ

کہ منحصر ہے یہ کل کائنات عورت پر