مجموعۂ کلام ←غزل

ہو جائیں گے ہزار یہ دو چار ایک دن

فیضان تسلیم فیضی

ہو جائیں گے ہزار یہ دو چار ایک دن

ہو گا ہمارا آخری دیدار ایک دن

ہم تو عزیز جان سے بڑھ کے تھے آپ کو

وائے نصیب ہو گئے بےکار ایک دن

محبوب ہے سفید کہ اس رنگ میں مجھے

دیکھیں گے چشمِ نم سے سبھی یار ایک دن

ٹھکرا کے میرے پیار کو خوش ہو رہا ہے تو

تجھ کو رُلائے گا یہی پندار ایک دن

ہے تب سے محوِ گریہ و زاری مکان بھی

دیوار کو سنائے تھے آزار ایک دن

جس نے اٹھائے شہر میں دیوار و در کئی

بے سقف مر گیا وہی معمار ایک دن

فیضی کو دیکھنا بھی گنوارا نہیں مگر

ترسو گے دیکھنے کو یہ رخسار ایک دن