با لیقیں حلقۂ انوار میں آ جاتے ہیں
جو بھی سرکار کے دربار میں آ جاتے ہیں
ہو جسے شہر مدینہ کی میسر نسبت
مشک و چمبیلی بھی اس خار میں ا جاتے ہیں
یہ تو پھر دل ہے حرا ثور امر ہوتے ہیں
شہِ ابرار اگر غار میں آ جاتے ہیں
میرا ایمان ہے واللہ زمانے سب ہی
شہ ابرار کے ادوار میں آ جاتے ہیں
مدحت شاہ میں الفاظ جھکائے سر کو
حالتِ سجدہ میں اشعار میں آ جاتے ہیں
ہے سند الفتِ سرکار کی یہ ہم جیسے
قریۂ مدحتِ سرکار میں آ جاتے ہیں
امت عیسیٰ و موسٰی بھی ہے ان کے لیکن
امتی پردۂ ستار میں آ جاتے ہیں
یہ وہ در ہے کہ ملائک بھی اٹھائے کاسہ
حضرتِ والا کے دربار میں آ جاتے ہیں
مدحتِ شاہِ دو عالم کے لیئے بیٹھے تو
پھول فیضان کی گفتار میں آ جاتے ہیں